اداروں کیخلاف پروپیگنڈا ملک کو کمزور کرنے کی کوشش ہے‘ احسن اقبال

45

ناروال (صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اداروں کے خلاف پروپیگنڈا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی ناپاک کوشش ہے، اداروں کی حرمت ختم ہو جائے تو ریاست کمزور ہو جاتی ہے، عسکری اور سیاسی قیادت کسی کو ملک کے مستقبل سے کھیلنے نہیں دے گی، اسرائیلی اخبار کے کالم میں عمران خان کی حمایت کی گئی ہے۔ ظفروال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اسرائیلی نمائندے عمران خان کو دوبارہ مسلط کرنے کے لیے قلم توڑ رہے ہیں، اس مضمون میں واضح لکھا ہے کہ ہمارے ایجنڈے کو آگے بڑھانے کے لیے عمران خان ضروری ہے۔ ان جریدوں میں شامل یہ کڑیاں گولڈ اسمتھ خاندان تک پہنچتی ہیں،عمران خان نے پاکستانی نزاد صادق خان کی مخالفت اور زید گولڈ اسمتھ کی حمایت کی۔ احسن اقبال نے کہااب مجھے یقین ہوچکا ہے کہ حکیم سعید اور جو دیگر مصنف عمران خان کے بارے لکھتے تھے وہ حقیقت ہے ۔