آدم خور روسی قاتل کی جنگ لڑنے پر رہائی، لوگوں میں خوف و ہراس

175

ماسکو:روس میں ایک آدم خور قاتل کو یوکرین جنگ میں حصہ لینے کے صلے کے طور پر رہا کردیا گیا ہے۔ دمتری ماشیلیف پر تین افراد کے قتل کا جرم ثابت ہوگیا تھا۔ اُس نے ایک تارکِ وطن کو قتل کرنے کے بعد اُس کا دل نکال کر بھونا اور کھالیا۔ علاوہ ازیں اُس نے دو کاروباری افراد کو بھی قتل کیا۔

دمتری ماشیلیف کو عدالت نے 25 سال قید کی سزا سنائی تھی۔ یوکرین جنگ شروع ہونے پر وزارتِ دفاع کے تحت ایک متنازع یونٹ قائم کیا گیا جسے وی ون کا نام دیا گیا۔ اس یونٹ میں سزا یافتہ قاتلوں، ڈاکوؤں، زانیوں اور انتہائی سنگین جرائم میں ملوث دیگر مجرموں کو بھرتی کرکے یوکرین کی فوج سے لڑنے کے لیے بھیجا گیا۔

ماشیلیف یوکرین جنگ میں زخمی ہونے کے بعد ‘جنگی ہیرو’ کی حیثیت سے آبائی گاؤں واپس پہنچا ہے۔ اُس کی واپسی پر لوگ بہت خوفزدہ ہیں۔ گاؤں کے سربراہ کا کہنا ہے کہ اُس نے ماشیلیف سے بات کی ہے۔ اُس نے کہا ہے کہ کسی کو اُس سے ڈرنے کی ضرورت نہیں کیونکہ اب وہ بدل چکا ہے مگر لوگ یہ بات ماننے کو تیار نہیں۔ گاؤں والے اُسے دیکھ کر شدید خوف محسوس کرتے ہیں۔