سکھر : ببرلو بائی پاس پر غیر قانونی بس اڈے پر پابندی

56

سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر فیاض حسین عباسی نے ڈپٹی کمشنر کی سفارش پر دفعہ 144 سی آر پی سی کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے ببرلو بائی پاس پر پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیاں کھڑی کرنے اور غیر قانونی بس اڈے پر پابندی عائد کر دی۔ حکم نامے میں کمشنر نے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور ٹریفک پولیس کو ہدایت دی ہے کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور عوام کی حفاظت کے لیے تمام پبلک ٹرانسپورٹ گاڑیوں کو ببرلو بائی پاس کے بجائے فوری روہڑی بس ٹرمینل کی جانب موڑا جائے۔ واضح رہے کہ ڈپٹی کمشنر نے اپنی سفارش میں کہا ہے کہ ببرلو بائی پاس پر غیر قانونی بس اڈا قائم کرکے بھتے کی صورت میں بھاری رقم وصول اور سپر ہائی وے کے اطراف گاڑیاں کھڑی کی جا رہی ہیں، جس سے انتظامیہ کو نہ صرف ٹریفک کی مینجمنٹ کے مسائل درپیش ہیں، بلکہ شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، جبکہ روہڑی بس ٹرمینل کی صورت میں بس اسٹینڈ موجود ہے۔ مزید یہ کہ غیر قانونی بس اسٹینڈ پر شہریوں سے زائد کرایہ وصول کرنے کی بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں، اس لیے شہریوں کی حفاظت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے دفعہ 144 کے تحت غیر قانونی بس اسٹینڈ پر پابندی عائد کی جائے تا کہ ٹرانسپورٹ کو روہڑی بس ٹرمینل کی جانب موڑا جاسکے۔