اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں کے کیس میں مزید وضاحت کے لیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کر لیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وکیل عزیر کرامت کے ذریعے درخواست عدالت عظمیٰ میں دائر کر دی اور موقف اپنایا کہ عدالت واضح کرے کہ الیکشن ایکٹ میں ترمیم کا اطلاق 12 جولائی کے آرڈر پر نہیں ہوتا، الیکشن ترمیمی ایکٹ 2024ء 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر اثر انداز نہیں ہوتا۔ درخواست میں کہا گیا کہ اسپیکر قومی اسمبلی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کے الیکشن کمیشن کو خطوط درست قانونی پوزیشن واضح نہیں کرتے، دونوں اسمبلیوں کے اسپیکروں کے خطوط کا 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ دونوں اسمبلیوں کے اسپیکروں کے خطوط الیکشن کمیشن کی جانب سے نظر انداز کیے جانے چاہئیں، 14 ستمبر کے وضاحتی حکم نامے کی روشنی میں الیکشن کمیشن 12 جولائی کے مختصر فیصلے پر عملدرآمد کا پابند ہے۔بیرسٹر گوہر نے استدعا کی ہے کہ معاملے کے زیرِ التوا ہونے تک الیکشن کمیشن کو کسی بھی جماعت کو مخصوص نشستیں الاٹ کرنے سے روکا جائے، عدالت عظمیٰ کی جانب سے ان تمام پہلوؤں کی وضاحت جاری کی جائے۔