راولپنڈی میں27ہزار افراد جماعت اسلامی کے ممبر بن چکے‘ عارف شیرازی

37

راولپنڈی( نمائندہ جسارت )امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ راولپنڈی ضلع میں ممبر سازی مہم تیزی سے جاری ہے۔ الحمد للہ اب تک 27000 ہزار سے زائد مرد و خواتین اور نوجوان راولپنڈی ضلع میں جماعت اسلامی کے ممبر بن چکے ہیں۔ نئے ممبروں میں زیادہ تعداد خواتین کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف یونین کونسلوں میں ممبر سازی مہم کا جائزہ لینے کے موقع پر کیا۔ ضلعی جنرل سیکرٹری عتیق احمد عباسی اور نائب امیر ضلع سید عزیر حامد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت کے مطابق جمعہ‘ہفتہ اور اتوار کو زون اور یوسی کی سطع پر ممبر سازی کیمپ لگائے گئے ہیں۔ ان تین دنوں میں 10 ہزار نئے ممبر بنانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ان شا اللہ راولپنڈی ضلع میں 3 لاکھ نئے ممبر بنائے جائیں گے۔ ہمارے کارکنان وفود کی شکل میں بازاروں‘ مارکیٹوں اور گلیوں محلوں میں جا کر ممبر شپ کر رہے ہیں۔ خوش آئند امر یہ بھی ہے کہ بڑی تعداد میں مرد و خواتین اور نوجوان آن لائن بھی ممبر شپ حاصل کر رہے ہیں۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان اتوار کے دن 8 بجے رات جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ لاہور سے خطاب کریں گے, جس کو تم کیمپوں میں بڑی سکرینوں پر براہ راست دکھایا جائے گا۔