چین سے تعلقات میں سنکیانگ اہمیت کاحامل ہے‘ وزیرداخلہ

33
اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی چین کے وزیر برائے سیاسی امور چن مینگوو کو سوینئر پیش کررہے ہیں

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ چین کے ساتھ تعلقات میں سنکیانگ صوبہ پاکستان کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، سنکیانگ کے ساتھ ہماری 600 کلومیٹر طویل سرحد ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) منصوبہ بھی سنکیانگ ہو کر سے گزرتا ہے، پاکستان منشیات، اسلحے اور دیگر تمام اشیا کی اسمگلنگ کا مکمل خاتمہ چاہتا ہے۔ہفتہ کو ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چین کے وزیر برائے سیاسی و قانونی امور چن منگگو کی سربراہی میں اعلی سطحی چینی وفد سے ملاقات کے دوران کیا جس نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا۔ وزیر داخلہ نے چینی وزیر اور ان کے وفد کا وزارت داخلہ پہنچنے پر پرتپاک استقبال کیا۔ملاقات کے دوران انسداد دہشت گردی، سرحد پار تعاون، انسداد اسمگلنگ اور انسداد منشیات کی کوششوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاک چین تعلقات بالخصوص سنکیانگ کے ساتھ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کے دوران گلگت بلتستان یا سنکیانگ میں پولیس اور نیم فوجی دستوں کی مشترکہ مشقیں کرنے اور سنکیانگ پولیس اکیڈمی میں گلگت بلتستان کے پولیس افسران کو تربیت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ چینی وفد میں سنکیانگ کے پارلیمانی اور قانونی امور کی کمیٹی کے ڈپٹی سیکرٹری، ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنرل آف پولیس اور سنکیانگ پولیس اکیڈمی کے نائب صدر شامل تھے۔ اس موقع پر سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، اسپیشل سیکرٹری داخلہ وقاص علی محمود اور ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ نذر محمد بزدار بھی موجود تھے۔