ٹھٹھہ ، غریب ٹھیلے والے کی بیٹی 5روز بعد بھی نہ مل سکی

32

ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) ڈگری کالج کی طالبہ غریب ٹھیلے والے کی بیٹی 5 روز گزرنے کے بعد بھی نہ مل سکی۔ انسانی حقوق کی تنظیم کی مداخلت پر 8 شکی افراد کے خلاف ایف آئی آر درج۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز کالج کی فرسٹ ائر کی طالبہ نجمہ ملاح کو کالج سے پراسرار طور پر لاپتا ہوئے 5 دن ہو گئے، غریب باپ یوسف ملاح اپنا ٹھیلا بند کرکے اپنی لخت جگر کی تلاش میں سرکرداں ہے، گھر میں فاقے ہو رہے ہیں، انسانی حقوق کی تنظیم نے نوٹس لیا جن کے کہنے پر پولیس نے 8 افراد کے خلاف اغوا کی رپورٹ درج کرائی، 8 افراد میں سے ایک شخص نے باہر ہی سے گرفتاری سے قبل ضمانت کرالی، جبکہ 7 نامزد افراد سر عام مکلی اور ٹھٹھہ میں گھومتے نظر آرہے ہیں لیکن پولیس کے سی سی ٹی وی کیمروں اور آنکھوں سے روپوش ہیں، کالج انتظامیہ کی پراسرار خاموشی اور پولیس کی جانب سے نامزد افراد کی عدم گرفتاری لوگوں کے ذہنوں میں ہزاروں سوالات پیدا کر رہی ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ طالبہ کو اغوا کرانے یا اغوا کار کی پشت پناہی میں کسی بڑی شخصیت کا بھی ہاتھ ہوسکتا ہے، پولیس نامزد افراد کو کیوں گرفتار نہیں کر رہی؟ کیا وہ کسی بڑی شخصیت کے غلام ہیں؟ یا پھر پولیس ان سے پیسے لے رہی ہے؟ اس طرح کے مختلف سوالات لوگوں کے ذہنوں میں ہیں لیکن 5 دن گزرنے کے باوجود طالبہ کا پتہ نہ چل سکا۔