دوبارہ صدر منتخب نہ ہو سکا تو اسرائیل ختم ہو جائے گا، ٹرمپ

146

امریکا کے سابق صدر اور ری پبلکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر وہ دوبارہ صدر منتخب نہ ہو سکے تو اسرائیل دو سال میں ختم ہو جائے گا۔

واشنگٹن میں اسرائیلی امریکن کونسل کے قومی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ان کی ناکامی کی ذمہ داری امریکا میں آباد یہودیوں پر بھی عائد ہوگی۔

ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ افسوسناک طور پر دیکھ رہے ہیں کہ امریکی یہودیوں میں ان کی مقبولیت اور حمایت میں کوئی اضافہ نہیں ہو رہا۔  65 فیصد امریکی یہودی ڈیموکریٹ امیدوار کملا ہیرس کے حامی ہیں، جو ان کے مطابق تشویش ناک ہے۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ ڈیموکریٹس، لبرل اور بائیں بازو کے انتہا پسند عناصر کی حمایت حاصل ہے، جو انہیں قتل کرنے کی کوشش میں ہیں۔

سابق صدر نے کہا کہ امریکی یہودیوں کو یہ سمجھنا ہوگا کہ اسرائیل کی بقا کے لیے ان کا دوبارہ صدر بننا ضروری ہے۔ انہوں نے ڈیموکریٹس پر اسرائیل مخالف ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ کملا ہیرس اس حوالے سے کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کر چکی ہیں۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا میں حالات بدل چکے ہیں اور نئی پالیسیاں ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔ ان کے مطابق متوازن پالیسیوں کے لیے ضروری ہے کہ ری پبلکن پارٹی دوبارہ ایوانِ صدر میں آئے۔

واشنگٹن میں ایک اور تقریب کے دوران ٹرمپ نے کہا کہ امریکی یہودیوں کو اپنے مستقبل کے لیے معقول فیصلہ کرنا ہوگا۔ اگر وہ ڈیموکریٹس کو ترجیح دیتے ہیں تو مشکلات کا سامنا کریں گے۔