قاسم آباد میں پلازہ کیوسٹی کو دوبارہ شروع کیا جارہاہے

75

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)قاسم آباد میں واقع سابق شمس آئیکون اور موجودہ دعا آئیکون کے متاثرین قراۃ لعین لغاری، محبوب ابڑو ،ڈاکٹر عبدالحلیم تھیبو اور دیگر نے حیدرآباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ قاسم آباد میں پلازہ کیو سٹی کے نام سے شروع کر کے 400الاٹیز سے 22کروڑ روپے سے زائد رقم وصول کر کے اسکیم شمس آئیکون اور دعا آئیکون کو غیر قانونی ناموں سے دوبارہ شروع کیا گیا اور پرانے الاٹیزکی بکنگ کینسل کر کے دعا آئیکون کی نئی مالک ہونے کی دعویدار فریدہ عرف دعا تھیبو میمن پلازہ کا کنٹرول سنبھالتے ہوئے شمس آئیکون کے الاٹیز سے غیر قانونی طور پر پیسے طلب کر رہی ہے جبکہ ساز باز کے ذریعے جیل حوالے ہونے والے محمد میمن نے جیل سے شمس آئیکون کا انتظام اپنی بیوی فریدہ عرف دعا تھیبو کو لکھ کر دے دیا ہے جبکہ قانون کے مطابق سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کا آرڈر ہونا بھی لازم ہے لیکن دعا میمن غیر قانونی طور پر پلازہ کا انتظام سنبھال رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دعا میمن کراچی کے تھانہ میں فراڈ کیس میں روپوش ہے جبکہ شمس آئیکون فراڈ کیس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ سے اپیل کی کہ ایک اسکیم کا نام تین بار تبدیل کرکے لوگوں سے کروڑوں روپے کا فراڈ کرنے کا از خود نوٹس لے کر الاٹیز کو انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شمس آئیکون فراڈ کیس کے خلاف 27ستمبر کو احتجاجی مظاہرہ بھی کیا جائے گا۔