پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان

40

کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے گزشتہ روز پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 سے 28 اکتوبر تک ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے3 ٹیسٹ میچوں کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان کر دیا۔ دوسرا ٹیسٹ جو اصل میں کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 15 سے 19 اکتوبر تک پلان کیا گیا تھا اب ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ بقیہ2 ٹیسٹ اصل پروگرام کے مطابق کھیلے جائیں گے یعنی پہلا ٹیسٹ ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک ہوگا اور تیسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 24 سے 28 اکتوبرتک کھیلا جائے گا۔ دوسرے ٹیسٹ کو کراچی سے ملتان منتقل کر نے کی وجہ یہ ہے کہ آئندہ سال ہونے والی آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی 2025 کے لیے نیشنل اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر کام جاری ہے۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی کے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی کھیلے جائیں گے۔ عثمان واہلہ، ڈائریکٹر انٹرنیشنل، پی سی بی کا کہنا ہے کہ پی سی بی انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم کے پاکستان دوبارہ آنے پر پرجوش ہے۔ سیریز شیڈول میں معمولی ایڈجسٹمنٹ کے باوجود، ہم شائقین کی مدد کرنے اور اس دورے کو یاد گار بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔