جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک جاگیرداروں اور وڈیرہ شاہی کیخلاف ہے، منعم ظفر خان 

218

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کی حقوق کراچی  تحریک جاری ہے اور یہ تحریک ظالموں، جاگیرداروں اور وڈیرہ شاہی ذہنیت کے خلاف ہے۔یہ ذہنیت کراچی کے وسائل پر قابض ہو کر مسلسل شہر کو برباد کر رہی ہے۔

ضلع ملیر کے دورے کے موقع پر قائد آباد اور گلشن حدید میں ممبر سازی کیمپوں پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں  وسیع ہو کر ملک گیر سطح پر  حق دو  عوام کو تحریک بن گئی ہے۔  اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ضلع ملیر محمد اسلام، سیکرٹری ضلع کامران نواز بھی موجود تھے۔

منعم ظفر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی مسلسل 16 سال سے سندھ پر حکومت کر رہی ہے لیکن کراچی آگے بڑھنے کے بجائے آثارِ قدیمہ کا منظر پیش کر رہا ہے،معمولی سی بارشوں میں پورا شہر ڈوب جاتا ہے،سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، بجلی اور پانی ناپید ہے، کے الیکٹرک کی  لوٹ مار عروج پر ہے،مہنگائی،بے روزگاری نے شہریوں کا جینا مشکل کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو اب جاگنا ہوگا،آخر کب تک ان چوروں، لٹیروں اور وڈیروں و جاگیرداروں کے ہاتھوں یرغمال بنے رہیں گے۔ جماعت اسلامی کراچی نے ساڑھے 3 کروڑ عوام،شہر کو حقوق دلانے کا عزم کیا ہے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک کراچی کے لوگوں کو ان کے حقوق نہیں  مل جاتے۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ چور دروازے سے میئر بننے والے قابض میئر سے شہر سنبھالا نہیں جارہا۔ ہر نیا دن شہر کو آگے لے جانے کے بجائے پیچھے دھکیل رہا ہے، شہر کو برباد کرنے کے جرم میں قابض میئر مرتضیٰ وہاب ان کی پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ جنہوں نے فارم 47 سے جنم لیا ہے  برابر کے ذمہ دار ہیں۔

امیر جماعت کا کہنا تھا کہ کراچی کے نوجوان جماعت اسلامی کے ممبر اور طاقت بن کر حکمرانوں سے اپنا حق  لیں گے۔جماعت اسلامی ہی وہ واحد جماعت ہے جو دیانت دار ہے خدمت گار ہے عوام کے درمیان موجود ہے اور عوام کی حقیقی ترجمان ہے۔

محمد اسلام نے کہا کہ ضلع ملیر میں بڑے پیمانے پر ممبر سازی کرکے نوجوانوں کو ساتھ ملا کر ظالمانہ نظام کے خلاف جدوجہد کریں گے۔حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں ایک بڑے انقلاب کے لئے آگے بڑھیں گے۔