آئی ایم ایف قرض کے حوالے سے 25 ستمبر کو اچھی خبر ملے گی، وزیر خزانہ

148
not refused to roll over the debt

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف قرض کے حوالے سے 25 ستمبر کو اچھی خبر ملے گی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں ملکی معیشت کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ قوم کی دعاؤں، وزیراعظم  کی دوطرفہ شراکت داروں، مقامی ٹیموں، انتظامی اور ملکی اداروں کے اشتراک سے  ہونے والی تمام کوششوں کے نتیجے میں 25 ستمبر کو آئی ایم ایف سے قرض ملنے کے حوالے سے اچھی نوید سننے کو ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض ملنے کے بعد بھی ہم میکرو اکنامک استحکام کا راستہ نہیں روکیں گے۔ یہ بنیادی ہائی جین ہے جو معیشت کی مضبوطی میں اہم ترین ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ٹریژری بلز کی تمام بولیاں مسترد کیے جانے کا مطلب یہ پیغام دینا ہے کہ حکومت قرض کے حصول کے لیے بے چین نہیں ہے، حکومت آنے والے دنوں میں قرض کے حصول کے لیے اپنی شرائط ہی کو پیش نظر رکھے گی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہمارے بینکنگ سیکٹر کو نجی شعبے کو قرضے فراہم کرنے کی طرف متوجہ ہونا چاہیے۔شرح سود میں450 بی پی ایس کمی اور اس کے نتیجے میں قرض کے حصول میں آسانی کے باعث حکومت اپنے اخراجات کے دوسرے سب سے بڑے آئٹم ڈیٹ سروسنگ میں کمی لائے گی۔بینکنگ سیکٹر کو نجی شعبے کو فعال انداز سے قرضہ جات کی فراہمی کے لیے مالی گنجائش ملے گی۔