اقتصادی رابطہ کمیٹی اجلاس میں 40 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری

160

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں 40 ہزار میٹر ک ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزارت خزانہ نے اعلامیہ جاری کردیا ہے، جس کے مطابق ای سی سی نے تاجکستان کو 40 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ آئندہ برس جنوری تک مقامی ضروریات سے زیادہ ذخیرے سے مزید ایک لاکھ ٹن چینی برآمد کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ہوا، جس میں ملکی معیشت کی صورت حال، معاشی استحکام اور معاشی اشاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر خزانہ نے بتایا کہ روپے کی قدر مستحکم ہے اور غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر 26 ماہ کی بلند ترین سطح پر آگئے ہیں، جس میں ترسیلات زر کی مضبوطی اور تسلسل کا کردار نمایاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی آئی ٹی برآمدات 300 ملین ڈالر ماہانہ کی سطح پر مستحکم ہیں، یہ پاکستان کے برآمدی شعبے کے لیے اچھی خبر ہے۔ اسی طرح روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس منیں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جو کہ خوش آئند بات ہے۔

محمد اورنگزیب نے مزید کہا کہ افراط زر میں سنگل ڈیجٹ کی حد تک نمایاں کمی ہوئی ہے اور ستمبر میں اس میں مزید کمی کی امید ہے۔ اسی طرح کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کی صورت حال قابو میں ہے۔ اگست کے مہینے میں کرنٹ اکاؤنٹ کا 75 ملین ڈالر سرپلس رہنا ہمارے بیرونی شعبے میں بڑھتے ہوئے استحکام کا آئینہ دار ہے۔امید ہے تیل کی قیمتوں میں کمی، ڈالر کی قدر میں استحکام اور شرح سود میں کمی کی بدولت کرنٹ اکاؤنٹ کی صورت حال آگے بھی اچھی رہے گی۔