تحریک انصاف کو مینار پاکستان کے بجائے جلو پارک میں جلسے کی اجازت

122
nationwide protest from Friday

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کو مینار پاکستان کے بجائے جلو پارک میں جلسے کی اجازت دے دی گئی۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق عدالت کے حکم پر عمل کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آفس نے پی ٹی آئی کو لاہور میں جلسے کا این او سی جاری کردیا، تاہم اس میں مقام کو تبدیل کردیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے تحریک انصاف کو مینارِ پاکستان کے بجائے جلو پارک میں جلسہ کرنے کی اجازت دی ہے۔

ضلعی انتظامیہ لاہور نے تحریک انصاف کو جلو پارک میں جلسہ منعقد کرنے کے لیے دوپہر 2 بجے سے لے کر شام 5 بجے تک کی اجازت دی ہے۔

قبل ازیں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر اور دیگر اراکین نے مینار پاکستان پر جلسہ گاہ کا دورہ کیا، تاہم وہاں تالا لگا ہوا پایا جب کہ پولیس کی بھاری نفری موجود تھی، جس نے  پی ٹی آئی رہنماؤں کو داخل ہونے کی اجازت نہیں دی۔

دریں اثنا ضلعی انتظامیہ نے مینار پاکستان میں شہریوں کے داخلے پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام دروازوں پر تالے لگا دیے اور اس جانب جانے والے راستوں پر کنٹینرز رکھ کر پولیس کی نفری کو تعینات کردیا گیا ہے۔

میڈیا ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے سامنے جلسے کے لیے یہ شرط بھی رکھی گئی ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور جلسے کے دوران 8 ستمبر 2024 کو اسلام آباد میں کی گئی اپنی تقاریر پر عوامی طور پر معافی مانگیں گے۔

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ لاہور کوشام 5بجے تک تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے درخواست نمٹا دی تھی۔