اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کے نام امریکی کانگریس میں پیش

214

واشنگٹن: فلسطینی نژاد امریکی رکن کانگریس راشدہ طلیب نے اسرائیلی حملوں کے دوران شہید ہونے والے فلسطینی بچوں کے ناموں کی 649 صفحات پر مشتمل دستاویزات امریکی کانگریس میں پیش کی ہیں۔

میڈیا ذرائع کے مطابق یہ دستاویزات غزہ کی وزارت صحت کی جانب سے جاری کی گئی ہیں اور ان میں 7 اکتوبر کے بعد اسرائیلی جارحیت میں شہید ہونے والے بچوں کے نام درج ہیں۔

راشدہ طلیب جو ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھتی ہیں، انہوں نے کانگریس میں اپنی تقریر کے دوران بتایا کہ دستاویزات کے ابتدائی 14 صفحات پر ان 710 بچوں کے نام موجود ہیں جن کی عمریں ایک سال سے بھی کم تھیں اور وہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہوئے۔

انہوں نے کانگریس اراکین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دفاع نہیں بلکہ ایک قتل عام ہے اور انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کے ساتھی بھی اس دستاویز کو دیکھیں اور ان مظالم کو سمجھنے کی کوشش کریں۔

راشدہ طلیب فلسطینی مسلمانوں کے حقوق اور اسرائیل کی جارحیت کے خلاف ہمیشہ سے آواز اٹھاتی رہی ہیں۔ ان کی اس جرات مندانہ مہم جوئی کے باعث امریکی ایوان نمائندگان میں ان کے خلاف قرارداد بھی پاس کی جا چکی ہے لیکن وہ اپنی آواز بلند کرتی رہی ہیں۔

غزہ کی وزارت صحت نے حال ہی میں ایک فہرست جاری کی تھی جس میں 34 ہزار شہداء کے نام شامل ہیں، ان میں 12 ہزار بچے بھی شامل ہیں جن میں سے 700 کی عمریں ایک سال سے کم تھیں۔