بیٹی کی حفاظت کے لیے والد نے سر پر کیمرہ لگا دیا

429

اسلام آباد: والد نے اپنی بیٹی کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ایک نیا اور منفرد طریقہ اختیار کیا جس نے سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر لی ہے۔

والد نے اپنی بیٹی کے سر پر سرویلنس کیمرہ نصب کیا تاکہ وہ اس کی روزمرہ کی سرگرمیوں پر نظر رکھ سکے اور اس کی حفاظت یقینی بنا سکے۔

یہ واقعہ حال ہی میں اس وقت وائرل ہوا جب سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک ویڈیو سامنے آئی جس میں ایک نوجوان پاکستانی خاتون کو برقع اوڑھے ہوئے دکھایا گیا۔

ویڈیو میں خاتون نے اپنے سر پر سی سی ٹی وی کیمرہ نصب کر رکھا تھا جس کے بارے میں انٹرویو میں وضاحت دیتے ہوئے بتایا گیا کہ یہ اس کے والد کا خیال تھا۔

خاتون نے کہا کہ وہ اس طریقے سے پوری طرح مطمئن ہے کیونکہ وہ جانتی ہے کہ اس کے والدین اس کی حفاظت کے بارے میں فکر مند ہیں۔ ویڈیو کو “نیکسٹ لیول سیکیورٹی” کا عنوان دیا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے سوشل میڈیا پر تیزی سے پھیل گئی۔

والد کی جانب سے اپنی بیٹی کی حفاظت کے لیے اٹھائے گئے اس انوکھے اقدام نے لوگوں کو حیران کر دیا، جہاں کچھ افراد نے اس بات کی حمایت کی وہیں کچھ نے اس غیر معمولی طریقے پر سوالات بھی اٹھائے ہیں۔