حیدر آباد ، ارسا ایکٹ کیخلاف لا کالج کے طلبہ کا احتجاج

78
حیدرآباد: لاء کالج کے طلبہ دریائے سندھ میں پانی نہ ہونے کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں

حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) ارسا ایکٹ میں ترمیم کے خلاف سندھ لاء کالج کے طلباء نے لاء کالج سے ریلی نکالی اور پریس کلب پر دھرنا دیا۔ دھرنے میں شریک طلباء نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ اس موقع پر رہنماؤں جواد، اذان لغاری، سندھو منگریو اور دیگر نے کہا کہ وفاقی حکومت آئے روز کوئی نہ کوئی چال چل کر سندھ کا پانی چوری اور سندھ کی زراعت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی سندھ میں پانی کی کمی کے باعث انڈس ڈیلٹا مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے، سمندر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، اب تک سندھ میں ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب آ چکی ہے، سیکڑوں دیہات تباہ ہو چکے ہیں، انڈس ڈیلٹا میں پانی کی کمی کے باعث پورا قدرتی ماحول ہی تبدیل ہو گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ارسا ایکٹ میں ترمیم اور مزید ڈیم بنانے کے منصوبے فوری ختم کیے جائیں، دوسری صورت میں عوامی اور سیاسی احتجاج حکمرانوں کو یہ فیصلہ واپس لینے پر مجبور کر دے گا۔