بدین (نمائندہ جسارت) ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسب اعلیٰ منظور علی سومرو عوامی شکایات کا نوٹس لیتے ہوئے ریلوے اسٹیشن کے قریب سیوریج کے نامکمل کام کا معائنہ کرنے پہنچے۔ اس موقع پر درخواست گزار مدرسہ بدرالعلوم چانڈیہ نگر کے مدیر محمد اسماعیل خاصخیلی نے صوبائی محتسب اعلیٰ کے ریجنل ڈائریکٹر کو بتایا کہ مذکورہ کام گزشتہ 14 سال سے پبلک ہیلتھ کی نااہلی کی وجہ سے التوا کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ سیوریج نالہ مکمل ہونے سے چانڈیہ نگر، کہیری محلہ اور ریلوے کالونی سمیت تقریباً 8 ہزار گھروں کے گندے پانی کا اخراج اسی سیوریج نالے میں ہوگا، تمام صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد صوبائی محتسب اعلیٰ کے ریجنل ڈائریکٹر منظور علی سومرو نے پبلک ہیلتھ کو ہدایت کی مذکورہ اسکیم ایک مہینے میں مکمل کرکے رپورٹ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیات حاصل کرنا ہر شہری کا حق ہے۔ اس سلسلے میں شہری صوبائی محتسب اعلیٰ بدین سے رابطہ کر سکتے ہیں، صوبائی محتسب ہمہ وقت شہریوں کے حقوق کے لیے کوشاں ہیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ رجسٹرار صوبائی محتسب اعلیٰ عبدالستار میمن، چیف میونسپل آفیسر شیراز احمد اور دیگر شہری بھی موجود تھے۔