ٹھٹھہ (نمائندہ جسارت) گرلز کالج سے 2 روز قبل پراسرار طور پر لاپتا ہونے والی طالبہ کے والد محمد یوسف و دیگر نے محکمہ انسانی حقوق حکومت سندھ کی جانب سے قائم شکایات سیل آفس پہنچ کر انچارچ الطاف حسین تنیو سے ملاقات کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے تھانے میں جوابداروں کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی ہے لیکن اب تک پولیس کی جانب سے کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، ہم پریشان ہیں، مدد کی جائے۔ تفصیلات کے مطابق گورنمنٹ گرلز کالج سے مبینہ طور پر لاپتا ہونے والی مکلی حیدری چوک کی رہائشی نجمہ ملاح ولد یوسف ملاح پراسرار طور پر لاپتہ ہوگئی تھی، واقعے پر محکمہ انسانی حقوق حکومت سندھ شکایتی سیل کی جانب سے فوری نوٹس لیا گیا تھا جس کے بعد ایس ایس پی سے ملاقات کے بعد والد کی مدیت میں 8 جوابداروں کے خلاف کیس داخل کروایا گیا۔ طالبہ کے والد یوسف ملاح نے انسانی حقوق شکایت سیل میں آ کر کہاکہ ہم نے پولیس کو نام لکھوائے ہیں وہ آزاد گھوم رہے ہیں، گھر میں صف ماتم جاری ہے، پولیس کارروائی کرنے سے قاصر ہے، بیٹی نابالغ اور اس کی جان کو خطرہ ہے۔ اس سلسلے میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ واقعے کا فوری انسانی حقوق کی جانب سے نوٹس لیا گیا۔ ہم والدین سے رابطے میں ہیں، شفاف جانچ کر کے نجمہ کو بازیاب کروایا جائے۔