تہران (صباح نیوز) ایران میں بین الاقوامی وحدت اسلامی کانفرنس جمعرات کی صبح صدر کے خطاب سے شروع ہوگئی۔ ایرانی میڈیا کے مطابق صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے 38ویں بین الاقوامی وحدت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہ جو تہران میں ہو رہی ہے اور اس میں بڑی تعداد میں مختلف اسلامی ممالک کے علما اور دانشور موجود ہیں مسلمانوں میں اختلاف وتفرقے کو دشمنوں کی سازش قرار دیا اور کہا کہ وحدت مسلمانوں کی طاقت بڑھائے گی۔انہوں نے کہا کہ اگر مسلم ممالک متحد ہوتے تو مٹھی بھر صیہونی غزہ میں اس طرح عام شہریوں، عورتوں اور بچوں کے قتل عام کی جرأت نہ کرتے۔ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے کہا کہ تمام مسلمانوں کو متحد ہو جانا چاہیے اس لیے کہ مسلمانوں کے درمیان اتحاد و یکجہتی دشمن کے مقابلے میں ان کی طاقت کو بڑھا سکتی ہے۔صدر ایران نے کہا کہ قرآن کریم میں گناہ کرنے اور اختلاف ڈالنے سے روکا گیا ہے اور اختلاف کا مطلب ہے اللہ تعالیٰ کی رسی کو چھوڑ دینا۔