کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں حکومت سندھ اور اس کے محکمے شہریوں کی پریشانیوں کو نظر انداز کرنے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھتے ۔ اسی طرح غیر قانونی تعمیرات کاسلسلہ بھی جاری ہے۔ بفرزون سیکٹر 15/A2 میں قائم پلاٹ نمبر 814 میں مسلسل غیر قانونی تعمیرات کا کام جاری ہے۔ علاقہ مکینوں کے توجہ دلانے کے باوجود انتظامیہ نے نوٹس نہیں لیا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ بفرزون میں 2منزل سے زیادہ تعمیرات پر پابندی ہے۔ تاہم مالکان پلاٹس پر ملی بھگت کرکے اوررشوت دے کر تیسری چوتھی منزل تعمیر بھی کررہے ہیں۔ مذکورہ پلاٹ پر بھی اس کام کی وجہ سے مکین پریشان ہیں کہ یہاں ویسے ہی ٹریفک کا شور، ٹوٹی سڑکیں، تنگ گلیاں، قدرتی ہوا کا گزر نہ ہونا اور پانی و سیوریج جیسے مسائل پہلے ہی جینا دوبھر کررہے ہیں اور اب اس قسم کی غیر قانونی طور پر اونچی منزلیں بنا کر رہائشیوں کا جینا دوبھر ہوتا جارہا ہے۔ مکینوں نے ارباب اختیار سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر جاری اس قسم کی تجاوزات اور تعمیرات کو فی الفور روکا جائے اور خلاف قانون سرگرمیوں کا خاتمہ کیاجائے۔