کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ماڑی پور روڈ پر کراچی پریس کلب کے ممبر اور شمال اخبار کے نیوز ایڈیٹر سے ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج ہونے کے باوجود تاحال کیس کے تفتیشی افسر نے صحافی سے رابطہ نہیں کیا۔ تفصیلات کے مطابق 17 ستمبر بروز منگل موچکو تھانے کی حدود مشرف کالونی چوکی سے چند فرلانگ کے فاصلے پر نامعلوم مسلح ملزمان نے ناکہ لگا کر کراچی پریس کلب کے ممبر اور شمال اخبار کراچی کے نیوز ایڈیٹر آصف تنولی کو لوٹ لیا۔ واردات کے دوران مسلح ملزمان نے صحافی آصف تنولی سے دو قیمتی موبائل فونز، نقد رقم اور جیب میں موجود کراچی پریس کلب، کے یو جے کے کارڈ سمیت دیگر ضروری دستاویزات سے محروم کردیا۔ متاثرہ صحافی نے بتایا کہ رات نو بجے کے قریب میں موٹر سائیکل پر ماڑی پور روڈ سے اپنے گھر کی طرف جارہا تھا کہ مشرف کالونی چوکی سے چند فرلانگ کے فاصلے پانچ سو کوارٹر کے قریب تین مسلح ملزمان نے مجھے اسلحہ کے زور پر روک کر واردات کی اور باآسانی فرار ہوگئے۔ واردات کا مقدمہ الزام نمبر 324/2024 درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مقدمے کے اندراج کو چار روز گزرنے کے باوجود تاحال کیس کے تفتیشی افسر نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔