کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ بارشوں کے بعد سڑکوں کی استرکاری کے کام کا آغاز کردیا گیا ہے اور کچھ کنٹریکٹرز کو ماضی میں خراب کام پر انہیں بلیک لسٹ بھی کیا گیا ہے اور ہمارے کچھ انجنئیرز کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔ کے ایم سی کی 100 سے زائد سڑکوں کے لئے سندھ حکومت 1.5 ارب روپے ادا کرے گی۔ ہمارے مخالفین عوام میں یہ تاثر پیدا کرنے کی سازش کررہے ہیں کہ پیپلز پارٹی صرف اپنے ہی علاقوں میں کام کروا رہی ہے جو سراسر غلط ہے۔ 2014 میں مسلم لیگ نون کی وفاقی حکومت نے ہماری بات مان لیتی تو آج پاکستانیوں کو سستی بجلی مل رہی ہوتی اور ان کا بل اتنا ہوتا کہ وہ ادا بھی کرسکتے اور اس وقت ملکی معیشت پر بجلی مہنگی ہونے کا جو بوجھ آرہا ہے ہم اس سے بھی بچ جاتے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔