18 سال سے پڑوسی کا بجلی کا بل ادا کرنے والا شخص

372

کیلیفورنیا میں ایک حیرت انگیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں کین ولسن نامی شخص گزشتہ 18 سال سے انجانے میں اپنے پڑوسی کا بجلی کا بل ادا کر رہا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق 2006 سے موجودہ اپارٹمنٹ میں مقیم ولسن نے حال ہی میں نوٹ کیا کہ ان کا پیسیفک گیس اور الیکٹرک (پی جی اینڈ ای) کا بل غیر معمولی طور پر زیادہ آ رہا ہے، جس کے بعد انہوں نے توانائی کے استعمال کو کم کرنے کے مختلف اقدامات کیے لیکن بل میں کوئی خاص کمی نہیں آئی۔

مسئلہ حل نہ ہونے پر ولسن نے یوٹیلیٹی کمپنی سے رابطہ کیا اور کمپنی کے ملازمین نے ان کے گھر آ کر معائنہ کیا۔ تب یہ حیرت انگیز انکشاف ہوا کہ کمپنی ولسن سے ان کے بجائے ان کے پڑوسی کی بجلی کا بل وصول کر رہی تھی۔

ولسن کا کہنا ہے کہ یہ غلطی ممکنہ طور پر گزشتہ 18 برس سے ہو رہی تھی، جب سے وہ اس اپارٹمنٹ میں رہ رہے ہیں۔

یوٹیلیٹی کمپنی نے اس غلطی کو تسلیم کیا ہے اور یقین دلایا ہے کہ وہ اس کا ازالہ کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔