اسلام آباد : روس کے نائب وزیر اعظم الیکسی اوورچک نے کہا کہ ماسکو پاکستان کی برکس میں شمولیت کی حمایت کرے گا۔
اوورچک نے اسلام آباد میں پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران جب ان سے پاکستان کی برکس میں شمولیت کے درخواست کے بارے میں سوال کیا گیا انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان کی شمولیت کی حمایت کریں گے، برکس دنیا کی ابھرتی ہوئی معیشتوں کے گروپ پر مبنی ہے۔
برکس کا نام برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ کے ناموں پر رکھا گیا ہے۔ اس بلاک نے گزشتہ سال سعودی عرب، ایران، ایتھوپیا، مصر، ارجنٹینا اور متحدہ عرب امارات کو رکن بننے کی دعوت دی، جس کا مقصد ایک ایسے عالمی نظام کو تبدیل کرنا ہے جو ان کی نظر میں پرانا ہو چکا ہے۔
دونوں فریقین نے دوطرفہ تجارت کے حجم میں اضافے اور لین دین کے لیے بینکنگ رکاوٹوں کو دور کرنے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
اوورچک نے کہا کہ روس کے وزیر اعظم میخائل میشوسٹن اگلے ماہ اسلام آباد میں ہونے والی شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) کے حکومتی سربراہان کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جو کہ ایک اہم موقع ہوگا۔