کراچی چیمبرالیکشن:برسر اقتدار گروپ کی انتخابات رکوانے کی استدعا

122

کراچی(کامرس رپورٹر)کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) پر دہائیوں سے قابض گروپ بی ایم جی انتخابات برائے 2024-26میں اپنی یقینی شکست سے خوف زدہ ہو کر راہ فرار اختیار کرنے پر مجبور ہوگیا ہے اور تاجر برادری کے سامنے رسوائی سے بچنے کے لیے انتخابات رکوانے اورکراچی چیمبر کے انتخابات کروانے کے لیے اپنے قائم شدہ الیکشن کمیشن اور میرٹ کے خلاف بھرتی کیے گئے اسٹاف کے ذریعے دہائیاں دینے سندھ ہائیکورٹ پہنچ گیا جہاں بی ایم جی نے یہ مؤقف اختیار کیا کہ ریگولیٹر ہمارے غیر قانونی ہتھکنڈوں کے خلاف مسلسل فیصلے دے رہا ہے لہٰذا ریگولیٹر کو بی ایم جی کے خلاف فیصلے دینے سے روکا جائے ورنہ ہماری تاجر برادری میں بڑی بدنامی ہوگی۔ دوسری جانب بزنس مین الائنس کے سربراہ آصف سخی نے کے سی سی آئی کے انتخابات میں دھاندلی کا خدشہ ظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ برسراقتداربزنس مین گروپ اقتدار ہاتھ سے جاتا دیکھ کر شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے اور جیتنے کے لیے ہر قسم کا حربہ استعمال کرنے کی کوشش کررہا ہے چاہے وہ غیر قانونی ہی کیوں نہ ہو۔بی ایم جی میں موجود صورتحال اور انتخابات جیتنے کے لیے غیر قانونی، غیر اخلاقی حرکتوں، ڈکٹیٹر شپ کے باعث آپس میں شدید اختلافات پیداہوگئے ہیں اور برسراقتدار گروپ ٹوٹ پھوٹ کا شکارہو رہاہے۔