انڈیکس بڑھ کر80400پوائنٹس کی بلندسطح پر بند ہوا

121

کراچی (کامرس رپورٹر ) پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں 12ربیع الاول کی عام تعطیل کے بعدبدھ کوکاروبار حصص میں زبردست تیزی کا رجحان غالب آگیا ،کے ایس ای100 انڈیکس900پوائنٹس بڑھ گیا جس کی وجہ سے مارکیٹ 80ہزار پوائنٹس کی نفسیاتی حد عبور کر گئی اور انڈیکس79400پوائنٹس سے بڑھ کر80400 پوائنٹس کی بلندسطح پر بند ہوا ،مارکیٹ کے سرمائے میں76ارب روپے سے زاید کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے نتیجے میں سرمائے کا مجموعی حجم 106 کھرب روپے سے تجاوز کر گیاجبکہ 42.36 فیصد حصص کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ایگزیکٹو بورڈ میںپاکستان کی 37 ماہ کی مدت پر7 ارب ڈالر قرض پروگرا م منظوری کی توقعات پر پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں بدھ کو تیزی کا رجحان دیکھا گیا ،آٹوموبائل اسمبلرز، کمرشل بینکوں، تیل و گیس کی تلاش کرنے والی کمپنیوں اور او ایم سیز جیسے شعبوں میں کچھ منتخب حصص میں خریداری دیکھی گئی۔ او جی ڈی سی، پی او ایل، پی ایس او، ایچ بی ایل اور ایم ای بی ایل سمیت انڈیکس ہیوی اسٹاک میں مثبت زون میں رہے۔بدھ کوکے ایس ای 100 انڈیکس میں970.20پوائنٹس کاا ضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے انڈیکس 79491.14 پوائنٹس سے بڑھ کر80461.34پوائنٹس پر جا پہنچا اسی طرح399.58پوائنٹس کے اضافے سے کے ایس ای 30 انڈیکس 25068.60پوائنٹس سے بڑھ کر 25468.18 پوائنٹس پر بند ہوا۔