چیمپئنز ٹرافی کیلئے تیاریاں تیز، آئی سی سی وفد کا نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ

186
آئی سی سی کا وفد چیمپئنز ٹرافی کے انعقاد سے قبل سیکوریٹی اور دیگر انتظامات کے سلسلے نیشنل اسٹیڈیم کراچی کا دورہ کررہے ہیں

کراچی (اسپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے وفد نے چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے نیشنل اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔ آئی سی سی کا 5 رکنی وفد 4 روزہ دورہ پاکستان پر آیا ہوا ہے جس نے نیشنل اسٹیڈیم سے اپنے دورے کا آغاز کیا۔ آئی سی سی کے وفد میں سکیورٹی مینجرڈیوڈ مسکر، ایونٹ مینجر سارا ایڈگر، جی ایم کرکٹ وسیم خان، ایونٹ مینیجر عون زیدی اور براڈ کاسٹر کنسلٹنٹ منصور منج شامل تھے۔ وفد نے نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جاری تعمیراتی کام کا جائزہ لیا، تعمیراتی کام کی تصاویر اور ویڈیو بھی بنائیں۔ ڈائریکٹر انٹرنیشنل عثمان واہلہ اور سینئر جنرل مینجر نیشنل اسٹیڈیم ارشد خان نے وفد کو تعمیراتی کام پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ اس کے علاوہ 5 رکنی وفد راولپنڈی اسٹیڈیم اور قذافی اسٹیڈیم لاہور کا بھی دورہ کرے گا اور 21 ستمبر کو دبئی روانہ ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ اپریل میں بھی آئی سی سی کے 3 رکنی وفد نے پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی کے انتظامات کا جائزہ لیا تھا جبکہ چیمپئنز ٹرافی آئندہ سال فروری میں پاکستان میں شیڈول ہے۔