سجاول، جشن میلاد النبیﷺ انتہائی عقیدت واحترام سے منایا گیا

57

سجاول(نمائندہ جسارت) پورے ملک کی طرح ضلع سجاول میں بھی جشن میلاد النبیﷺ انتہائی جوش و خروش اور عقیدت و احترام سے منایا گیا۔ جماعت اہلسنّت بزرگ رہنما حافظ غلام مصطفی کھٹی قادری کی قیادت میں سیکڑوں گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں پر مشتمل مرکزی ریلی جامع مسجد غوثیہ سے نکالی گئی جو مین بس اسٹاپ، شاہی بازار، پٹن ناکو، براج موری، سید پور سے ہوتی ہوئی پبلک پارک چوک پہنچی، جہاں پر نعرے لگائے گئے۔حضرت محمد ﷺ کی شان میں ذکر و درود سلام پیش کیا گیا۔ ریلی سے جماعت اہلسنت کے بزرگ رہنما غلام مصطفی کھٹی قادری و دیگر علماکرام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جہانوں کے سردار حضرت محمد مصطفی ﷺ کی دنیا میں آمد سے رحمتیں نازل ہوئیں تمام اندھیرے ختم ہو گئے۔ جس سے پوری دنیا روشن ہو گئی ہم 12 ربیع الاول کے دن خوشیاں منا رہے ہیں۔ ریلی میں جماعت اہلسنت، تحریک لبیک، سنی تحریک سمیت ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ ریلی کے موقع پر ایس ایس پی سجاول ڈاکٹر عبدالخالق پیزادہ کی جانب سے سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے تھے۔