ڈسٹرکٹ اکائونٹس آفس ضلع قنبرشہدادکوٹ میں کھلی کچہری

65

قنبر علی خان (نمائندہ جسارت) صوبائی محتسب اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات پر ریجنل ڈائریکٹر محتسب لاڑکانہ علی اکبر جاگیرانی نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیس ضلع قنبر شہدادکوٹ میں ایک کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں محکمہ ٹریژری آفس قنبر شہدادکوٹ کی جانب سے ڈی او عبدالرؤف سومرو سمیت دیگر افسران اور عملہ موجود تھا۔اس موقع پر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں،جی پی فنڈ ، پنشن ، مالی امداد ، حاضر سروس اور ریٹائرڈ ملازمین سمیت فوت شدہ ملازمین کے ورثا نے اپنے اپنے مسائل ریجنل محتسب کو پیش کیے جن سائلین کے مسائل سن کر ریجنل محتسب علی اکبر جاگیرانی نے ان کی درخواستوں پر موقع پر حل کرنے کے احکامات جاری کیے۔اس موقع پر ریجنل محتسب لاڑکانہ علی اکبر جاگیرانی نے کہاکہ محتسب اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس کے دفاتر میں کھلی کچہریوں کا انعقاد کررہے ہیں تاکہ حاضر سروس ، بزرگ پنشنرز اور فو ت شدہ ملازمین کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پربہتر طور پر حل کیے جاسکیں جس میں کسی کوتاہی اور غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ کسی کے ساتھ بھی اگر کوئی مسئلہ درپیش ہوتو برائے کرم ہمارے دفتر میں ایک سادہ درخواست جمع کروائیں تاکہ ہم آپ کے مسائل حل کرسکیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ اکاؤنٹس آفیسر قنبر شہدادکوٹ عبدالرؤف سومرو نے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ہم ملازمین کے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر فوری حل کررہے ہیں اور کسی بھی کیس کو التوامیں نہیں چھوڑاجارہا۔انہوںنے کہاکہ تمام مسائل کو قانونی طور پر سرکاری پالیسی کے تحت حل کیا جارہاہے اور ایسی کھلی کچہریاں جو صرف عوام کی بھلائی کی خاطرمنعقد کی جاتی ہیں تاکہ ہم ملازمین کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرسکیں۔