حکومتی پالیسیاں آئی ایم ایف کی محتاج ہیں ، جاوید قصوری

36

لاہور(وقائع نگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ آج ملک و قوم جن بدترین حالات سے دوچار ہیں اس میں مسلم لیگ نون اور پیپلز پارٹی کا برابر کا حصہ ہے۔ عوام نے دونوں جماعتوں کو بار بار آزما لیا،انہوں نے لوٹ مار اور عوام سے جھوٹے وعدوں کے سوا کچھ نہیں کیا۔ادارے تباہ اور قومی خزانہ خالی ہو چکا ہے۔کرپشن کا گراف آسمان سے باتیں کر رہا ہے۔حکومت کی تمام معاشی پالیسیاں آئی ایم ایف کے پروگرام کی محتاج ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور اور فیصل آباد میں مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر انہوں نے رابطہ عوام مہم کے حوالے سے کارکردگی کا جائزہ لیا، کارکنان و ذمے داران جماعت رابطہ عوام کو مہم تیز کرنے کی ہدایات دیں، اجتماع ارکان سے امیر ضلع مدثر احمد شاہ و دیگر ذمہ داران نے بھی خطاب کیا۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ ملک و قوم کو درپیش سیاسی و معاشی بحران سنگین ہوتا چلا جا رہا ہے۔حکومت کے پاس اس سے چھٹکارہ حاصل کرنے کا کوئی ٹھوس منصوبہ بندی نہیں۔عوام مہنگائی، بے روزگاری اور بجلی کے ہوشربا بلوں سے بد حال ہو چکے ہیں۔ظالم حکمرانوں نے اپنی مراعات میں تو اضافہ کر لیا مگر عوام، تاجروں اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد پر ٹیکسوں میں اضافہ کرکے عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے۔لوگ بجلی کے بلوں پر قتل کر رہے ہیں۔ اگر یہی سلسلہ رہا تو ملک انارکی، داخلی انتشار اور افراتفری کا شکار ہو جائے گا۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہونے سے ملک میں ٹیکسٹائل سیکٹر کی 50 فیصد صنعتیں بند ہوگئیں۔1 لاکھ 25 ہزار مزدور بے روزگار ہوچکے ہیں۔موجودہ حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کو بچانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ ملک بھر کی 580 اسپننگ ملوں میں سے 29 فیصد ملیں بند ہیں جبکہ 440 نٹنگ ملوں میں 20 فیصد بند ہوچکی ہیں۔ 8 لاکھ 80 ہزار واٹر جیٹ مشینوں میں سے 32 فیصد مشینیں بند ہوچکی ہیں۔لوگ بے روزگار ہو رہے ہیں، کسی کا کوئی پرسان حال نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاور کمپنیوں کے ایک لاکھ 90ہزار ملازمین کو سالانہ 15ارب روپے کی مفت بجلی دینے کا انکشا ف، بجلی کے بلوں سے تنگ عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔آئی پی پیز اڑدھا بن چکا ہے، اس کے مکروہ کاروبار اور لوٹ مار نے ملک و قوم کو مفلوج کر کے رکھ دیا ہے، حکومتی وزراان ظالموں کا دفاع کر رہے ہیں، جو کہ شرمناک اقدام ہے۔مہنگی بجلی نے لوگوں کو خودکشیوں پر مجبو ر کر دیا ہے۔محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ جب تک حکومت عوام کو ریلیف فراہم نہیں کرتی اس وقت تک ہم سڑکوں پر رہیں گے۔حکمرانوں کو ہمارے مطالبات ماننے ہوںگے۔ بصورت دیگر ان کا انجام بھی حسینہ واجد جیسا ہو گا۔قوم اب مزید ان ظالموں کا ظلم و ستم برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ موجودہ حکومت اشرافیہ کو مراعات اور غریب عوام پر ٹیکسوں کی بھر مار کر رہی ہے۔