سندھ ہائی کورٹ: آثارقدیمہ سے متعلق درخواستوں پرحکم نامہ جاری

101

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائی کورٹ نے صوبے میں آثار قدیمہ کو محفوظ بنانے اور مزارات کی حد بندی سے متعلق درخواستوں کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔ تحریری حکم نامے کے تحت چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف حیدرآباد کی جانب سے محکمہ اوقاف کے تحت آنے والی جائیدادوں اور زرعی اراضی سے متعلق رپورٹ جمع کروائی گئی۔ سینئرممبر بورڈ آف ریوینیو کی عملدرآمد رپورٹ میں بتایا گیا کہ چیف سیکریٹری سندھ نے آثار قدیمہ اور محفوظ عمارتوں کی ڈیمارکیشن اور انتقال سے متعلق کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ عدالت سینیئر بورڈ آف ریوینیو کی سربراہی میں بننے والی کمیٹی سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائے جانے کی امید رکھتی ہے، محکمہ کلچر کے تحت وہ عمارتیں جن کا کوئی تنازع نہیں ہے، ان کوفوری طورپرمنتقل کیا جائے۔