عقیدہ ختم نبوت کاتحفظ ہرقیمت پرکریں گے‘شاہ عبدالحق قادری

67

کراچی (اسٹاف رپورٹر)جماعت اہلسنت کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبدالحق الحق قادری نے کہا ہے کہ سیاسی ،معاشی اور اقتصادی مسائل سمیت تمام مسائل کا حل نظام مصطفی کے عملی نفاذ میں مضمر ہے۔ 1973ء کے آئین کی روشنی میں ملک میں نظام مصطفی کے عملی نفاذ کو یقینی بنایا جائے‘ سودی نظام کا خاتمہ کیا جائے۔ناموس رسالت اور عقیدہ ختم نبوت کا تحفظ ہر قیمت پر کیا جائے گا اور اس کے تحفظ کے لیے عوام اہلسنت کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریںگے۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل 12ربیع الاول کو نشتر پارک میں عظیم الشان میلاد مصطفی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس سے حاجی حنیف طیب ،علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی ،ثروت اعجاز قادری ،مولانا ابرار احمد رحمانی ،عبدالوہاب قادری ،سید رفیق شاہ ، مولانا الطاف قادری ،علامہ شوکت حسین سیالوی ،سلیم عطاری اور عاطف بلو نے بھی خطاب کیا۔انہوںنے کہا کہ جشن عید میلاد النبیؐمحض ایک تہوار نہیں بلکہ یہ حضرت محمد ؐ سے اپنی والہانہ عقیدت کے اظہار کا دن ہے۔ انہوںنیمطالبہ کیا کہ مبارک ثانی کیس کا مکمل فیصلہ فوری سنایا جائے۔ غزہ اور فلسطین میں جاری ظلم و بربریت کے خاتمے کے لیے او آئی سی اپنا کردار ادا کرے، حکومت دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے۔