افغانستان کے ہاتھوں جنوبی افریقا کو پہلی مرتبہ شکست کا ذائقہ چکھنا پڑ گیا

97

شارجہ: جنوبی افریقا کو افغانستان کے ہاتھوں پہلی بار شکست کا ذائقہ چکھنا پڑ گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق 3 ایک روزہ میچوں کی سیریز کے پہلی ہی میچ میں افغانستان نے جنوبی افریقا کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ افغانستان کے خلاف جنوبی افریقا کا پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ درست نہیں تھا۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقا کے کھلاڑی افغان بالرز کے سامنے زیادہ دیر ٹھہر نہیں سکے اور تقریباً آدھی ٹیم صرف 29 رنز کے مجموعی اسکور پر اسٹیڈیم سے باہر جا چکی تھی۔

جنوبی افریقا کے ویان ملڈر نے 52 رنز بنائے، جس کے سےارے جنوبی افریقی ٹیم 106 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی اور صرف 34 اوورز ہی کھیل سکی۔

افغانستان کے فضل حق فاروقی اور غضنفر نے جنوبی افریقا کو آغاز ہی سے آڑھے ہاتھوں لیا اور بالترتیب 3 ، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، اسی طرح راشد خان نے بھی 2 کھلاڑیوں کو اسٹیڈیم سے باہر بھیجا۔

جنوبی افریقا کے 107 رنز کے ہدف کو پورا کرنے کے لیے افغانستان بھی ابتدا میں قابل ذکر کھیل پیش نہیں کر سکا اور اس کے اوپنر رحمان اللہ گرباز صفر پر پویلین لوٹ گئے، اس کے بعد رحمت شاہ بھی صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔

افغانستان کے ریاض حسن اور رحمت اللہ شاہدی بھی صرف 16،16 رنز ہی بنا سکے۔ جس کے بعد گلبدین نائب نے 34 اور عظمت اللہ عمر زئی نے 25 رنز بنا کر 26 ویں اوور میں جنوبی افریقا کو شکست کا ذائقہ چکھا دیا اور 3 ایک روزہ میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں کامیابی حاصل کی۔