الخدمت کا صحت خدمات میں ایک اور سنگ میل:56ویں جدید اسپتال کا افتتاح

237

راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان نے کوئٹہ میں 56ویں اسپتال کاافتتاح کردیا۔

افتتاحی تقریب میں مرکزی صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمنٰ، نائب صد و ر سیداحسان اللہ وقاص، ڈاکٹرمشتاق احمدمانگٹ،ریجنل صدربلوچستان انجینئر جمیل احمدکرد، امیر جماعت اسلامی بلوچستا ن مولانا عبد الحق ہاشمی،ایم پی اے عبدالمجید بادینی،سی ای اوالخدمت ہیلتھ سروسز سفیان خان سمیت سیاسی وسماجی عمائدین اورعوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

ڈاکٹر حفیظ الرحمن ٰ نے الخدمت اسپتال کوئٹہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 20ہزار اسکوائرفٹ پر تعمیر شدہ اسپتال 50 بیڈ پر مشتمل ہے جس میں گائنی اور پیڈزیونٹ سمیت خواتین، جنرل سرجن،الٹراساؤنڈ،جنرل سرجری،جدیدڈائیگناسٹک لیب،جدید لیبرروم و آپریشن تھیٹر،زنانہ ومردانہ وارڈز،فارمیسی اور 24گھنٹے ایمرجنسی سہولیات میسر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاج معالجے کی بنیادی اور معیاری سہولیات  ہر شہری کا بنیادی حق ہے لیکن  بد قسمتی سے پاکستان کی بڑی آبادی اس بنیادی حق سے محروم ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن جہا ں دیگر شعبوں میں خدمات سر انجام دے رہی ہے، وہیں صحت کے شعبے میں بھی خاطر خواہ خدمات سر انجام دے رہی ہے۔

مرکزی صدر الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال  الخدمت فاؤنڈیشن نے صرف  ہیلتھ سروسز میں 9ارب 10 کروڑ روپے خرچ کیے جس سے ایک کروڑ20لاکھ مریضوں نے استفادہ کیا۔ الخدمت اسپتال کوئٹہ سمیت پاکستان بھرمیں جدیدسہولیات سے مزین 56 ہسپتال مختلف شعبہ جات میں مریضوں کو سستی او رمعیاری خدمات فراہم کررہے ہیں۔

الخدمت کے تحت اسپتالو ں میں ضرورت منداورمستحق مریضوں کو صحت کی معیاری  سہولیات  بالکل  مفت فراہم کی جاتی ہیں۔