کراچی: متاثرہ سڑکوں کی تعمیر و مرمت کیلئے بڑی رقم کی منظوری

267

کراچی: سندھ حکومت نے کراچی میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ سڑکوں کی تعمیر اور مرمت کے لیے ڈیڑھ ارب روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی صدارت میں کراچی میں بارشوں کے بعد سڑکوں کی مرمت سے متعلق اجلاس ہوا۔ جس میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، صوبائی وزیر منصوبہ بندی و ترقی ناصر شاہ، وزیر بلدیات سعید غنی اور چیف سیکریٹری سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی میں بارشوں کے دوران خراب ہونے والی سڑکوں کی مرمت کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔

وزیر بلدیات سعید غنی نے اجلاس کو بتایا کہ کراچی ڈویژن کے سات اضلاع میں سڑکوں کے پچ ورک کی ضرورت ہے کیونکہ بارشوں کے باعث یہ سڑکیں شدید متاثر ہو چکی ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت نے 2022 کی بارشوں کے بعد تمام سڑکوں کی مرمت اور تعمیر کی تھی اور وہ اس بار بھی سڑکوں کی مرمت کے لیے ضروری فنڈ فراہم کر رہی ہے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ اگر تعمیر یا مرمت کی گئی سڑکیں وقت سے پہلے خراب ہو رہی ہیں تو اس کی انکوائری کی جائے اور ناقص کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔

مزید برآں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ نکاسی آب کے نظام اور سروس لائنز کو بھی یقینی بنایا جائے۔ شہر کے مختلف اضلاع میں فلائی اوورز اور پلوں کی مرمت اور تعمیر کا بھی حکم دیا گیا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ سڑکوں کی مرمت و تعمیر کے لیے ایک ارب پانچ کروڑ روپے کی ضرورت ہے، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے فوری طور پر کے ایم سی کو کام شروع کرنے کی ہدایت دی۔