واشنگٹن: طب کی دنیا میں انقلاب برپا ہونے کو ہے۔ ماہرین نے کینسر کی ویکسین تیار کی ہے جو حتمی مراحل طے کرنے کے قریب پہنچ چکی ہے۔
بین الاقوامی کمپنی موڈرنا نے ایم آر این اے 4359 کے کے نام سے ویکسین تیار کی ہے ، جس کا مقصد اگلے مرحلے کے میلانوما، پھیپھڑوں کے کینسر اور دیگر ٹھوس ٹیومر کینسر میں مبتلا افراد کا علاج کرنا ہے۔
طبی ماہرین نے اس ویکسین کی ابتدائی آزمائش مکمل کرلی ہے، جس کے نتائج سے اخذ کیا گیا ہے کہ اسے جسم کو کینسر کے خلیات کو پہچاننے اور ان سے لڑنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ آزمائش کے نتائج کے مطابق یہ ویکسین مدافعتی نظام کو اس بیماری کے زیادہ مؤثر طریقے سے علاج میں مدد کرنے کے لئے متحرک کرسکتی ہے۔
علاج کے متعلق کیے جانے والے پہلے انسانی مطالعے کے لیے ، اگلے مراحل کے ٹھوس ٹیومر والے 19 مریضوں کو ایم آر این اے -4359 کی ایک سے نو خوراکیں دی گئیں۔ محققین نے دریافت کیا کہ جن 16 مریضوں کا جائزہ لیا گیا ان میں سے آٹھ میں ٹیومر نہیں بڑھے اور نہ ہی کوئی نیا ٹیومر نمودار ہوا۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ مریضوں نے علاج کے سنگین ضمنی اثرات کے بغیر اچھی طرح ویکسین کو برداشت کیا۔ محققین نے نتائج کو اگلے مراحل کے کینسر میں مبتلا افراد کے لئے ممکنہ طور پر ایک نیا علاج تیار کرنے میں “ایک اہم پہلا قدم” قرار دیا۔