پرائیویٹ کچرا اٹھانے والے مافیا کی صورت اختیار کرگئے ‘سعید غنی

105

کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ گھر گھر کچرا اٹھانے کے یوسی یاٹائون کی جانب سے پرائیویٹ لوگوں کو دیے جانے والے اجازت نامے غیر قانونی ہیں، ان کو یہ اختیار حاصل نہیں ہے‘ پرائیویٹ کچرا اٹھانے والے اس وقت مافیا کی صورت اختیار کرگئے ہیں اور اس وقت یہی سب سے بڑا مسئلہ بنا ہوا ہے کیونکہ وہ کچرا اٹھا کر اپنے مطلب کا سامان اس میں سے نکال کر دوسرا کچرا نالوں میں پھینکتے ہیں۔ سعید غنی نے کہا کہ اس پر کام کرنے لیے تجویز دی ہے کہ گھر گھر سے کچرا اٹھانے کا سسٹم بنایا جائے اور اس میں متعلقہ یوسی کو شامل کیا جائے تاکہ یہ کام بخوبی انجام پاسکے اور اس سے یوسی کو بھی مالی وسائل حاصل ہوسکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز سندھ اسمبلی میں محکمہ بلدیات سے متعلق ارکان کے مختلف تحریری اور ضمنی سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا کیا۔ انہوںنے کہاکہ ہماری کوشش ہونی چاہیے کہ جو پرائیویٹ لوگ اس طرح گھر گھر اٹھاتے ہیں ان کو روکنا چاہیے۔