لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بلاول اپنے نانا کے بنائے آئین کو دفن کررہے ہیں۔آئینی ترمیم کے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے بہت سمجھ بوجھ سے کام لیا ہے، وہ جانتے ہیں کہ ترمیم عجلت میں نہیں کی جاتی۔ وہ کسی کے دباؤ میں نہیں آئے، میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں تمام سیاسی جماعتوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ یہ مسودہ تسلی سے پڑھیں اور اس پر بحث مباحثہ ہو۔ آئینی ترمیم حساس اور سنجیدہ مسئلہ ہے، عجلت میں ترمیم کرنا نامناسب ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فلور کراسنگ کی اجازت دی گئی تو پارلیمنٹ بکرا منڈی بن جائے گی۔ پارلیمنٹ نامکمل ہے، پی ٹی آئی کو ابھی مخصوص نشستیں نہیں ملیں، نامکمل پارلیمنٹ یہ ترمیم نہیں کر سکتی۔حکومت کو عدلیہ کی تعیناتی اور تبادلوں کا اختیار نہیں ہونا چاہیے، یہ 73 کے آئین کی شکل بگاڑ رہے ہیں۔