محرابپور،ٹریفک حادثے میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا

77

محراب پور(جسارت نیوز)ٹریفک حادثے میں ڈرائیور جاں بحق ہوگیا، حادثہ اکری پولیس تھانہ کی حدود میں مہران ہائی پر ہسبانی گیٹ اسٹاپ کے پاس ہوا جہاں پر ڈاٹسن اور ٹرک کے درمیان تصادم ہوگیا، جس میں ڈاٹسن ڈرائیور ظہیر احمد انصاری جاں بحق ہوگیاہے، اکری پولیس کے مطابق جاں بحق ڈرائیور کا تعلق سوئی گیس شہر سے تھا، نعش ضروری کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئی جبکہ گاڑیوں کو تحویل میں لیکر پولیس مزید تفتیش کر رہی ہے، حادثے میں جاں بحق ڈرائیور کی نعش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ دوسری جانب رشتے داری کے تنازعہ پر تشدد میں نوجوان زخمی ہوگیا، واقعہ مورو پولیس تھانہ کی حدود گاؤں منگو خان ڈھر میں پیش آیا جہاں وٹہ سٹہ کی شادی میں پیدا ہونے والی تکرار پر گھر میں آئے ہوئے داماد شان ڈھر کو اس کے سسر اور سالوں نے ڈنڈے مار کر زخمی کر دیا، زخمی نوجوان کو اسپتال منتقل کر دیا ہے، پولیس کے مطابق وہ واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔ علاوہ ازیں پنکھا گرنے سے طالب علم زخمی ہوگیا بے ہوشی کی حالت میں اسپتال منتقل، محبت ڈیرو پولیس تھانہ کی حدود میں ہائر سیکنڈری اسکول غلام نبی ڈھراج کے درجہ ہفتم میں لگا ہوا پنکھا اچانک سے گر گیا جس کی زد میں آکر طالب علم مسرور سرگانی ولد کاظم سرگانی شدید زخمی ہوگیا انہیں بے ہوشی کی حالت میں ابتدائی طبی امداد کے بعد گمس اسپتال گمبٹ منتقل کر دیا جہاں ان کی حالت بہتر بتائی جاتی ہے، پولیس کے مطابق زخمی طالب علم کا تعلق گاؤں حاجی محرم سرگانی سے ہے۔ رہزنوں نے مزدور کو بھی نہ بخشا، پولیس کارروائی میں 2 منشیات گرفتار،چرس، اسلحہ برآمد، خان واہن پولیس تھانہ کی حدود میں تنیا بقا شاہ کی درگاہ پیر شہید کے پاس رہزنوں نے ٹریکٹر ٹرالی میں مٹی بھرنے والے مزدوروں کو اسلحہ کے زور پر لوٹ لیا اور نقدی، موبائل اور مٹی بھرائی کے اوزار چھین کر فرار ہوگئے، دریا خان مری اور نیو جتوئی پولیس نے الگ الگ کارروائی میں امداد جتوئی کو 1100 گرام چرس اور ایاز وگن کو 1020 گرام چرس سمیت گرفتار کرکے منشیات کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے، امداد جتوئی اشتہای اور پولیس کو 2 مقدمات میں مطلوب تھا، مٹھیانی پولیس نے گرفتار ملزم ارشد مشوری کی دوران تفتیش نشاندہی پر قتل کی واردات میں استعمال ہونے والا آلہ قتل رپیٹر بندوق برآمد کرلی ہے، دوسری طرف مسجد فتو بلال سے بیٹری چوری کرنے والے نامعلوم چور کو لوگوں نے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔