وزیراعظم سے بلاول بھٹو کی قیادت میں پی پی وفد کی ملاقات، آئینی ترامیم پر گفتگو

152

اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف سے بلاول بھٹو کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں آئینی ترامیم سمیت دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کے وفد میں خورشید شاہ، نوید قمر اور مرتضیٰ وہاب شامل تھے۔ ملاقات میں ملکی معاشی صورت حال کو بہتری کی جانب گامزن ہونے کی وجہ سے خوش آئند قرار دیا گیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ مال پہلی بار افراط زر کی شرح سنگل ڈیجیٹ پر آ گئی ہے، اسی طرح اسٹیٹ بینک نے بھی پالیسی ریٹ میں 2 فی صد کمی کی ہے، جس سے سرمایہ کاروں کا ملکی معیشت پر اعتماد بڑھا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بھی کم کردی گئی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف پہنچایا جائے۔

اہم ملاقات میں مجوزہ آئینی ترمیم پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئینی ترمیم اور قانون سازی پارلیمنٹ کا اختیار ہے اور پارلیمنٹ بالادست ادارہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 24 کروڑ عوام نے پارلیمنٹ کو قانون سازی کا مینڈیٹ دیا ہے اور مجوزہ آئینی ترمیم کا مقصد عوام کو فوری اور موثر انصاف کی فراہمی ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ آئینی ترمیم پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رہے گا اور بلاول بھٹو زرداری اور دیگر سینئر رہنما اس مشاورت میں اپنا کردار ادا کریں گے۔ ملاقات میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، اور عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔