آئینی ترامیم دلیری کیساتھ لیکر آئیں گے، اپوزیشن نے گھبرانا نہیں ہے: وفاقی وزیر قانون

266
Constitutional amendments will be brought boldly

اسلام آ باد : وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہآئینی ترامیم دلیری کے ساتھ لے کر آئیں گے، اپوزیشن سے کہتا ہوں آپ نے گھبرانا نہیں ہے، آئینی ترمیم میں کوئی نئی بات نہیں، یہ میثاقِ جمہوریت کا حصہ ہے۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ آئینی عدالت کے قیام کی تجویز کو فوری چیف جسٹس سے جوڑ دیا گیا، آئینی عدالت کے قیام کی منفی تشریح کی گئی ، ابھی یہ بل مسودہ بن کر کابینہ میں نہیں گیا، یہ سی سی ایل سی میں زیر بحث نہیں آیا، کچھ عرصے سے مشاورت جاری تھی۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وفاق وزیر نے کہا کہ آئینی ترامیم کا مسودہ اس وقت آتا جب بل پیش کیا جاتا، سب سے پہلے حکومت مشاورت کرتی ہے پھر کابینہ منظوری دیتی ہے لیکن یہ بل ابھی کابینہ میں بھی نہیں گیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ڈرافٹ پر پہلے حکومتی حلقوں میں مشاورت ہوتی ہے، یہ بل مسودہ بن کر کابینہ میں نہیں گیا اور نہ سی سی ایل سی میں گیا جبکہ مسودے کی تیاری کے لیے ہماری مشاورت تمام اتحادی جماعتوں سے ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ آرٹیکل 8 اور 199 سے متعلق تجاویز تھیں جبکہ نیشنل سیکیورٹی سے متعلق کچھ مخصوص علاقوں سے متعلق ایک تجویز تھی، مسودہ لانا حکومت کی ذمہ داری ہے لیکن مسودہ فائنل ہوتا تو سامنے لایا جاتا، پارلیمان کو آئینی ترامیم کا اختیار ہے۔