قرآن و سنت پر عمل ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے، منعم ظفر خان

126

کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفرخان نے کہا ہے کہ ہمارے تمام مسائل کا حل رسول ؐ  کے اسوۃ اور قرآن پر عمل کرنے ہی میں ہے۔

جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت اورنگی ٹاؤن میں 3روزہ  فہم قرآن وسنت کانفرنس کے تیسرے اور آخری روز اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ ایک ایسی جدوجہد کی ضرورت ہے کہ ہم ظالم کے سامنے رکاوٹ بن کر کھڑے ہو جائیں، اس کے لیے اجتماعیت، قوت اور طاقت درکار ہے،ظلم کی شکلیں مختلف ہیں۔ ان کے خلاف اجتماعی قوت بننا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ کام صرف اور صرف جماعت اسلامی ہی کر سکتی ہے۔عوام میں حقیقی عوامی قیادت کا شعور بیدار ہوگیا تو ملک کی تقدیر بدل جائے گی۔ جماعت اسلامی ملک کی گیر ممبرشپ مہم عوامی مسائل اُجاگر اور حل کرنے میں معاون ثابت ہوگی۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن ملک بھر کے مظلوموں کی آواز بن چکے ہیں۔ کارکنان گھر گھر پہنچیں اور جماعت اسلامی کی جدوجہد اور مقاصد سے لوگوں کو زیادہ سے زیادہ روشناس کرائیں۔

اس موقع پرجمعیت اتحاد العلماکراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبدالوحید، امیر ضلع غربی مدثرحسین انصاری، سیکرٹری جنرل عبدالحنان خان، خالد زمان شیخ، شہبازخالدودیگر نے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں مرد و خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔خواتین کے لیے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا۔

منعم ظفر خان نے مزید کہا کہ کراچی پورے ملک کو چلاتا ہے مگر یہاں کے باسی مسائل اور مشکلات کا شکار ہیں۔سندھ حکومت مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔بلدیات پر حقیقی قیادت کے بجائے جعلی مینڈیٹ والی قیادت مسلط کردی گئی ہے۔لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔پانی‘بجلی اور گیس کا بحران شدید تر ہوتا جارہا ہے۔سیوریج کا نظام تباہ حال ہے۔سڑکیں کھنڈرات کا منظرپیش کررہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امت رسول اللہؐ کے اسوۃ کو بھلا کررسوا ہورہی ہے۔مسلم حکمرانوں نے اہل غزہ اورمظلوم مسلمانوں کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔مسلمانوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جارہے ہیں۔اہل غزہ وفلسطین اور حماس نے عزم وہمت۔حوصلہ اور قربانی سے صحابہ کرامؓ کے دور کی یاد تازہ کردی ہے۔ آپ صل اللہ علیہ وسلم سے کامل محبت تک ہمارا ایمان مکمل نہیں ہوسکتا ہے۔

منعم ظفر کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنے معاملات اور معمولات کا جائزہ لینا ہے کہ ہم  اللہ اور اس کے رسول ؐ کے پیغام کو سمجھ کر کس حد تک اس پرعمل پیرا ہوتے ہیں۔نیکی کا حکم اوربرائی سے روکنا ہماری ذمے داریوں میں شامل ہے۔ اسی کام کے لیے یہ امت مبعوث کی گئی ہے۔یہ آسان نہیں بلکہ مصائب اور مشکلات کاراستہ ہے۔انبیاؑاور ان کے اصحاب نے اس راستے میں مصائب جھیلے ہیں۔

امیر جماعت نے کہا کہ نبی مہربان صل اللہ علیہ وسلم کے صحابہ نے صبراوراسقامت کے ساتھ کلمہ حق کی سربلندی کے لیے ظلم وجبر کا مقابلہ کیا۔

امیر ضلع غربی مدثرانصاری نے کہا کہ سہہ روزہ قرآن و سنت کانفرنس کا مقصد نہ صرف سیرت رسول صل اللہ علیہ وسلم کاتذکرہ اوربیان ہے بلکہ اسوۃ محمد صل اللہ علیہ وسلم پرعمل پیرا ہونا بھی ضروری ہے۔جماعت اسلامی آئندہ بھی اسوۃ رسولؐ  کو معاشرے میں عام کرنے اورمثبت تبدیلی کے لیے کردارادا کرتی رہے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کراچی مسائل کی دلدل میں گھرا ہوا ہے، بلدیاتی نمائندوں کے اختیارات سلب کر کے شہریوں کو پریشان کرنا پیپلزپارٹی کو وتیرہ ہے۔