ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان میں 72 کروڑ ڈالر کے 2 منصوبوں پر دستخط

197
Environment and Natural Disaster Protection Program

اسلام آباد:ایشیائی ترقیاتی بینک اور پاکستان کے مابین 72 کروڑ ڈالر کے 2 منصوبوں پر دستخط ہو گئے۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر نے وفد کے ساتھ 40 کروڑ ڈالرز کے سندھ ایمرجنسی ہاؤسنگ ری کنسٹرکشن پراجیکٹ اور 32 کروڑ ڈالر مالیت کے کے پی کے دیہی روڈز ڈیولپمنٹ پراجیکٹ کے منصوبے کے مسودوں پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی۔

واضح رہے کہ اے ڈی بی کے یہ دونوں منصوبے سیلاب سے تباہ حال علاقوں کی بحالی  سے متعلق ہیں۔

قبل ازیں وزیراعظم سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر مساتسوگو آساکاوا نے وفد کے ساتھ  ملاقات کی، جس میں پاکستان کے لیے اے ڈی بی دیرینہ شراکت داری کو سراہا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے وفد کو حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کے سلسلے سے آگاہ کیا جن میں ٹیکس محصولات میں اضافہ، توانائی کے شعبے کی مالی استحکام کو بہتر بنانا، موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات کے خلاف اقدامات ، غیر ہدف شدہ سبسڈی میں کمی اور سماجی تحفظ کو بڑھانا شامل ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ وہ ان اصلاحات کی پیشرفت کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں تاکہ ان کے کامیاب نفاذ اور طویل مدتی اثرات کو یقینی بنایا جا سکے جو کہ پائیدار اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے ضروری ہیں۔

وزیراعظم نے 2022 کے تباہ کن سیلاب کے جواب میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ڈیڑھ ارب امریکی ڈالرز سے زیادہ کی فراخدلانہ مدد کو سراہا۔ انہوں نے زراعت سمیت ماحولیاتی منصوبوں میں ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ کام کرنے کی پاکستان کی گہری خواہش کا اظہار کیا۔

صدر ایشیائی ترقیاتی بینک نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ پاکستان کے ایک بانی ممبر کی حیثیت سے طویل وابستگی کو سراہا۔ انہوں نے جامع اصلاحات کرنے پر حکومت پاکستان کی تعریف کی اور پاکستان کے لیے بینک کی مسلسل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان میں انفراسٹرکچر کی ترقی، ماحولیاتی تبدیلی کے شعبے میں اور ادارہ جاتی اصلاحات میں تعاون بڑھانے کی بینک کے عزم کی تجدید کی۔