اسلام آباد:عدالت عظمیٰ کےڈپٹی رجسٹرار کے مطابق مخصوص نشستوں سے متعلق کیس پر سپریم کورٹ نے وضاحت کی نہ تو کاز لسٹ جاری کی او رنہ ہی نوٹس کیا گیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ کے 8 ججز کی مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں وضاحت کے حوالے سے اہم انکشاف ہوا ہے، جس میں ڈپٹی رجسٹرار کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 14 ستمبر کو سپریم کورٹ کے 8 ججز کی وضاحت سپریم کورٹ کی ویب سائٹ پر جاری کی گئی تھی۔
ڈپٹی رجسٹرار کی جانب سے رجسٹرار سپریم کورٹ کو نوٹ لکھا گیا ہے، جس کا مقصد یہ پورا معاملہ رجسٹرار کے علم میں لانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ رات 8 بجے تک سپریم کورٹ کو وضاحت نہ ہی وصول ہوئی جب کہ سپریم کورٹ نے وضاحتی آرڈر سے پہلے کوئی کاز لسٹ جاری کی اور نہ ہی نوٹس جاری کیا۔
رجسٹرار کو لکھے گئے نوٹ میں ڈپٹی رجسٹرار نے بتایا کہ میڈیا پر خبریں چل رہی ہیں کہ سپریم کورٹ نے 12 جولائی کے فیصلے پر کوئی وضاحت جاری کی ہے، لیکن اس کی نہ تو کاز لسٹ جاری کی گئی اور نہ ہی الیکشن کمیشن کی وضاحت کی درخواست پر متعلقہ فریقین کو رجسٹرار آفس کی جانب سے کوئی نوٹسز جاری کیے گئے۔
ڈپٹی رجسٹرار نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن کی متفرق درخواست پر وضاحت سپریم کورٹ ویب سائٹ پر تو جاری کی گئی، لیکن یہ وضاحت سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کو رات 8 بجے تک وصول نہیں ہوئی۔ ڈپٹی رجسٹرار نے لیٹر 14 ستمبر کو رجسٹرار سپریم کورٹ کو لکھا۔