جاپان: بیوی کو روزانہ 100 بار فون کرنے پر شوہر گرفتار

316

جاپان میں ایک عجیب و غریب واقعہ پیش آیا جہاں ایک 38 سالہ شخص کو اپنی بیوی کو ایک ہی دن میں 100 بار فون کرنے کے جرم میں گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اماگاساکی شہر کی رہائشی خاتون نے اپنے شوہر کے مسلسل فون کرنے کی شکایت پولیس میں درج کروائی۔

خاتون کا کہنا تھا کہ وہ نامعلوم فون کالز سے پریشان ہو چکی تھیں اور یہ فون کالز روزانہ کی بنیاد پر کی جاتی تھیں، یہاں تک کہ بعض اوقات انہیں اپنا فون بند کرنا پڑتا تھا۔

خاتون نے بتایا کہ کبھی کبھار دن بھر میں درجنوں کالز آتیں جبکہ بعض دنوں میں یہ تعداد 100 تک پہنچ جاتی۔

خاتون نے جب محسوس کیا کہ یہ کالز اس وقت نہیں آتیں جب وہ اپنے شوہر کے ساتھ ہوتی ہیں تو انہیں شک ہوا کہ یہ کالز انہی کے شوہر کر رہے ہیں۔

اس شبہ کے بعد انہوں نے پولیس کو مطلع کیا، جس نے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد خاتون کے شوہر کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق جب شوہر سے پوچھا گیا کہ اس نے اپنی بیوی کو اس طرح ہراساں کیوں کیا تو اس نے جواب دیا کہ وہ اپنی بیوی سے محبت کرتا ہے اور اسی وجہ سے اسے بار بار فون کرتا تھا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا ایک منفرد اور پہلا واقعہ ہے۔