بنگلا دیش پاکستان کیساتھ جوہری معاہدہ کرے‘ ڈاکٹر شاہدالزامان

69

 

ڈھاکا (صباح نیوز) ممتاز بنگلا دیشی پروفیسر برائے انٹرنیشنل ریلیشنز اور سیکورٹی اسپیشلسٹ ڈاکٹر شاہد الزامان نے کہا ہے کہ ہمیں (بنگلا دیش) کو ضرور پاکستان کے ساتھ جوہری معاہدہ کرنے پر غور کرنا چاہیے‘ پاکستان بنگلادیش کا سب سے قابل اعتماد اور قابل بھروسہ سیکورٹی اتحادی ہے‘ وہ ہمیں بھارتی جارحیت سے بچانے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار پروفیسر ڈاکٹر شاہدالزامان نے ریٹائرڈ آرمڈ فورسز آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن (آراے اوڈبلیواے) کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں موجود ریٹائرڈ فوجی افسران کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر شاہد الزاماں کی تجاویز کو زبردست پزیرائی ملی۔ ڈاکٹر شاہد الزامان نے کہا کہ ہمیں اپنے سابق مخالف پاکستان کے ساتھ جوہری معاہدہ کرنا ہے، اتحادیوں کے بغیر اور ٹیکنالوجی کے بغیر بھارت کو روکا نہیں جا سکتا‘ پاکستان کے ساتھ نیوکلیئرائزیشن، مذاکرات اور ٹھوس دفاعی شراکت داری انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بنگلا دیش کے خلاف بھارتی رویہ مسلسل دھمکانے والا ہے۔