۔12 ربیع الاول پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کیے جائیں،ڈی سی سکھر

130

سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی کی زیر صدارت 12 ربیع الاول کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے 12 ربیع الاول کی مجالس اور جلوسوں کو سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے فول پروف سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کر دی۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے سکھر، خیرپور اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ 12 ربیع الاول کے سلسلے میں تمام پیشگی انتظامات مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے 12 ربیع الاول کے جلوسوں کی گزر گاہوں کی صفائی کو یقینی بنانے، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ نہ کرنے جبکہ سڑکوں سے لٹکی ہوئی تاروں کو فوری ہٹانے کے لیے متعلقہ افسران کو ہدایات جاری کیں۔ کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی نے میونسپل افسران کو ہدایات کی کہ جلوسوں کے دوران روڈ راستوں پر پینے کے صاف پانی کی موجودگی اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنائیں، انہوں نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایات کی کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر تمام اسپتالوں میں ڈاکٹرز، عملہ، ادویات اور ایمبولینسز کی 24 گھنٹے دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔ کمشنر سکھر نے 12 ربیع الاول کے سلسلے میں مسائل کے متعلق فوری آگہی اور تدارک کے پیش نظر تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو کہا کہ متعلقہ اضلاع کے تمام افسران و اہلکاروں کی شمولیت سے ایک واٹس ایپ گروپ بنائیں تا کہ 12 ربیع الاول کے دوران آپس میں رابطے کے عمل کو سہل اور بہتر سے بہتر رکھا جا سکے۔ اس موقع پر ڈی آئی جی پولیس سکھر سید پیر محمد شاہ نے بتایا کہ جلسوں اور جلوسوں کی سیکورٹی کے لیے 350 پولیس موبائلیں عوام کی حفاظت کے لیے موجود ہوں گی۔ ایس ایس پی سکھر نے کہا کہ 12 ربیع الاول کے موقع پر سیکورٹی کے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ اجلاس میں ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ، ونگ کمانڈر رینجرز محمد عمر، ایڈیشنل کمشنر ون محمد عامر انصاری، ڈپٹی کمشنر سکھر ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو، ڈی سی خیرپور سید احمد فواد شاہ، ڈی سی گھوٹکی سید محمد علی شاہ، ایس ایس پی سیّد محمد علی شاہ اور سکھر، خیرپور اور گھوٹکی، کے سیپکو، گیس، پولیس اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔