اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک /آن لائن /صباح نیوز) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کل عمران خان نے توہین عدالت کی ہے اور آرمی چیف پر الزامات لگائے ہیں، اگر یہ بیان عمران خان نے دیا ہے تو آئین کے تحت انہیں نتائج بھگتنا ہوں گے۔ قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم جمہوریت اور پارلیمنٹ کو فعال کرنا چاہتے ہیں‘ عوام اس وقت سازش، گالم گلوچ اور قیدی نمبر 804 کے ساتھ نہیں کھڑے، یہ لوگ ہارتے ہیں اور اتحادی جماعتیں جیت جاتی ہیں‘ کل رات پورے پاکستان نے اس شخص کا بیان پڑھا ہے اس شخص نے سیاست
چمکانے اور ریلیف لینے کے لیے آئینی اداروں پر حملے کیے ہیں‘ پی ٹی آئی تحقیقات کرے کہ یہ واقعی خان کا بیان ہے یا نہیں؟ خان صاحب اور ان کی جماعت کے لیے مسئلے بنیں گے اگر یہ بیان انہوں نے نہیں دیا تو قائد حزب اختلاف وضاحت دیں۔انہوں نے کہا کہ بطور ڈی جی آئی ایس آئی موجودہ آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے بانی تحریک انصاف کی کرپشن پکڑی تھی مگر کرپشن پر ایکشن کے بجائے اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے انٹیلی جنس چیف کو ہی تبدیل کردیا تھا۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ بلاول کی تقریر سے لگا جیسے ڈی جی آئی ایس پی آر کے دفتر میں پریکٹس کی ہو‘2 دن کی پریکٹس لگتی ہے‘ بلاول نے ضرور اپنے نانا کی میرے دادا سے حلف لینے کی تصویر دیکھی ہوگی‘ بانی پی ٹی آئی اپنی ایک ایک بات پر کھڑے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے پی ٹی آئی رہنمائوں کی گرفتاری پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا ایم این ایز ٹوائلٹ سے گرفتار ہوتے ہیں ؟ پی ٹی آئی کے گرفتار اراکین نے سر شرم سے جھکا دیے ہیں‘ پی ٹی آئی کے 2 ایم این اے باہر سے گرفتار ہوئے، اندر سے جتنے گیدڑ گرفتار ہوئے انہوں نے ہمارا سر شرم سے جھکا دیا لوگ پوچھتے ہیں کیا ایم این اے کو ٹوئلٹ کے اندر سے نکالا جاتا ہے‘ کیا انہوں نے واش روم کی کنڈی نہیں لگائی تھی۔