کراچی (اسپورٹس رپورٹر) پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے صوبائی و علاقائی انتخابات 19 اور 20 ستمبر کو ہوں گے۔ تاریخوں میں تبدیلی 17 ستمبر کو جشنِ ولادت رسول کے پیش نظر کی گئی ہے۔ انتخابات میں پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، آزاد جموں و کشمیر اور اسلام آباد سے جیتنے والے ڈسٹرکٹ فٹبال ایسوسی ایشن کے امیدوار شرکت کریں گے۔ اسلام آباد، سندھ، خیبر پختونخوا اور آزاد جموں و کشمیر کے انتخابات 19 ستمبر جبکہ پنجاب، بلوچستان اور گلگت بلتستان میں 20 ستمبر کو شیڈول ہیں۔ انتخابی عمل کا آغاز 28 اگست کو ابتدائی ووٹنگ لسٹ کی اشاعت کے ساتھ ہوگیا تھا۔ امیدواروں نے اپنے کاغذات نامزدگی 30 اگست تک جمع کروائے جبکہ ابتدائی فہرست 3 ستمبر 2024 کو منظر عام پر لائی گئی۔ اپیلوں کیلئے ونڈو 8 ستمبر 2024 تک کھلی رہی جس میں امیدواروں سے متعلق تحفظات پیش کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ حتمی فہرست 16 ستمبر 2024 کو جاری کی جائے گی۔